1 اگست 2013
وقت اشاعت: 8:59
شیر کے پیروں کا مساج کرتا دیدہ دلیر نوجوان نگہبان
جوہانس برگ…این جی ٹی…شیر کو دیکھ کر ہر کسی کی خوف سے ٹانگیں تھرتھرانے لگتی ہیں تاہم اگر یہی شیر کسی چڑیا گھر کے مہمان ہوں تو وہاں ان کے نگہبان بناء کسی خوف کے ان کی دیکھ بھال بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 52سالہ ایلکس لارنٹی اور ان کے 18سالہ بیٹے شانڈور لارنٹی کا نام بھی ایسے ہی نگہبانوں میں شمار کیا جاتا ہے جن کا روزمرہ معمول ہی شیر کا بناؤ سنگھار کرنا ہے۔ اپنے والد کے نقش قدم پرچلتے ہوئے نوجوان شانڈور نے بھی جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے لائن پارک میں موجود چیتوں، ہاتھیوں، ہائیناز اور دیوہیکل شیروں سے اُنسیت بڑھا رکھی ہے۔ شانڈور کی 250کلو گرام زاوو(Zavu) نامی شیر سے اُنسیت کا یہ عالم ہے کہ وہ ناصرف اس سے کھیلتا نظر آتا ہے بلکہ اُس کے گلے لپٹتا اور لوٹ پوٹ ہوتا بھی دکھائی دیتا ہے۔ زاوو بھی اپنے نگہبان شانڈور سے بے حد مانوس ہے جبھی تو اس کے ایک اشارے پر ناصرف نیچے لیٹتے ہوئے اپنے بال سنوارتا ہے بلکہ انتہائی نفاست سے اپنے پیروں کا مساج، ناخنوں کی فائلنگ، مینی کیور بھی کرواتا ہے۔