1 اگست 2013
وقت اشاعت: 10:20
امریکی نوجوان کی دیوانگی، گھر میں 2لاکھ لال بیگ پال لیے
لینسنگ…این جی ٹی…شوق، جنون اور انفرادیت ایسی چیزیں ہیں جو کسی کو بھی دیوانگی کی حد تک جانے پر مجبور کرسکتی ہیں۔ اس بات کی مثال امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے 20سالہ نوجوان کائل کینڈیلیان نے پیش کی جس نے اپنے گھر میں کم و بیش 2لاکھ لال بیگ پال رکھے ہیں۔ کینڈیلیان نے ناصرف 130مختلف اقسام کے لال بیگوں کو گھر میں بے حد پیار سے پال رکھا ہے بلکہ وہ اُن کی افزائش پر بھی توجہ دیتا ہے۔ ان لال بیگوں کے لیے کینیڈیلیا نے ایک روچ روم تیار کر رکھا ہے جس میں مختلف باکس اور خاص قسم کی روشنی میں لال بیگوں کو ان کا مطلوبہ ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ تفریح کی خاطر لال بیگوں کو جمع کر کے پالنے والا کینڈیلیان نامی یہ نوجوان انہیں پالتو جانوروں اور رینگنے والے جانوروں کی خوراک کی حیثیت سے فروخت کرتا ہے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے وہ اپنے تعلیم کا خرچ اُٹھاتا ہے۔