2 اگست 2013
وقت اشاعت: 7:0
برطانیہ میں ہوا گھونگوں کی منفرد ریس کا عالمی مقابلہ
لندن…این جی ٹی…ہر سال کی طرح اس سال بھی برطانوی کاؤنٹی نارفوک میں دنیا کے سست ترین کیڑے گھونگوں کی ریس کے عالمی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریس میں گھونگوں کو میز کے اوپر سجے میدان پر 13انچ (33سینٹی میٹر) کے فاصلے کو طے کرنا ہوتا ہے۔ مقابلے میں شامل سینکڑوں گھونگوں میں سے بیک وقت 15کو میدان میں اُتارا جاتا ہے جو جلد سے جلد مقررہ فاصلہ طے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مقابلے کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس ریس کا آغاز ریڈی اسٹیڈی گو کے بجائے ریڈی اسٹیڈی سلو کے نعرے سے شروع کیا جاتا ہے جبکہ آخر میں جیتنے والے گھونگے کو سلاد کے پتوں کی ٹریٹ دی جاتی ہے۔ 200گھونگوں کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ رواں سال 6سالہ بچی سورائیڈر کے ریسر ٹو نامی گھونگے نے جیت لیا جس نے مقررہ فاصلہ فقط 2منٹ 47سیکنڈ میں طے کر دکھایا اور سلاد کے پتوں کی دعوت کا حق دار ٹھہرایا گیا۔