20 اگست 2013
وقت اشاعت: 5:9
دنیا کی طویل ترین زلفوں کی مالک خاتون کو بال کٹوانے کا مشورہ
نیویارک… این جی ٹی…لمبے،گھنے اور مضبوط بال ہر عورت کی خواہش ہو تے ہیں اور اس آرزو کو پورا کر نے کیلئے طویل مشقت کی بھی ضرورت ہوتی ہے تاہم کبھی کبھی یہ شوق پورا کرنا مہنگا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ایسی ہی 47سالہ امریکی خاتون سے آپ کی ملاقات کرواتے ہیں جو دنیا کی طویل ترین زلفوں کی مالک ہیں۔امریکی شہر اٹلانٹا کی آشا منڈیلا کی حسین زلفیں 55فٹ لمبی ہیں جو ایک بس کی لمبائی سے بھی زیادہ ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں اپنے بال کٹوانے کا مشورہ دے دیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق آشانے اگراپنے 20کلو وزنی بال نہیں کٹوائے تو انکی ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر ہو سکتی ہے جسکے نتیجے میں وہ ہمیشہ کیلئے مفلوج بھی ہوسکتی ہیں۔دوسری جانب آشانے ان حسین زلفوں کو اپنی زندگی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کسی بھی صورت میں کٹوانے سے انکار کر دیاہے اور کہا ہے کہ یہ بال انکی اولاد کی طرح ہیں۔واضح رہے کہ آشاکا نام بحیثیت دنیا کی طویل ترین زلفیں رکھنے والی خاتون کے طور پر گینز ورلڈریکارڈ بک میں بھی درج ہے۔