29 جون 2014
وقت اشاعت: 6:17
شنگھائی میں فضا میں معلق ریسٹورنٹ میں ضیافت
شنگھائی.....این جی ٹی.....مہنگے اور شاندار ریسٹو ر نٹ تو دنیا میں بہت ہیں تاہم بیلجیئم کی ایک کمپنی نے حال ہی میںچین کے شہر شنگھائی میں ہوا میں معلق/فضامیں ریسٹورنٹ قائم کرکے ضیافت اڑانے کا نیا اوردلچسپ طریقہ متعارف کرایا ہے لیکن۔۔ یہ ضیافت ہر کسی کی پہنچ میں نہیں۔ 165فٹ(45سے50میٹر) کی بلندی پر کھلی فضا میںکرین کے ذریعے معلق اس ریسٹورنٹ میں ایک ٹیبل کے گرد 22افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کے 8گھنٹے کا کرایہ11ہزار44ڈالر ہے تاہم اس میں کیٹرنگ چارجز شامل نہیں جبکہ فی بندہ اس ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھنے کی فیس303ڈالر سے1ہزار400ڈالر تک ہے ۔یہاں ایک ٹیبل پرمہمانوں کی تواضع کے لیے 3افراد پر مشتمل اسٹاف جس میں شیف، ویٹر اور اینٹرٹینرکی خدمات حاصل ہیں۔ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ350افراد کے لیے اس ریسٹورنٹ میں ظہرانے کے علاوہ ناشتہ، عشائیہ اور بزنس میٹنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجودہے۔تین دن تک شنگھائی میں موجود اس منفرد ریسٹورنٹ کی اب تک308سیٹیں بک ہوچکی ہیں۔ کمپنی نے پہلی مرتبہ یورپ میں یہ طریقہ متعارف کرایا تھا اور اب امریکا، کینیڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سمیت دنیا کے 40ممالک میں کسی نہ کسی طریقے سے فضا میںمعلق اس طرح کے ریسٹورنٹ محدود مدت کے لیے متعارف کروائے جاتے ہیں۔