23 اگست 2015
وقت اشاعت: 12:35
برطانوی سائنس دانوں نے مصنوعی بایونک آنکھ تیار کر لی
لندن......عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بینائی سے محروم ہونےوالے افراد کے لئے خوش خبری ہے کہ برطانوی سائنس دانوں نے مصنوعی بایونک آنکھ تیار کر لی ہے، جس کی مدد سے عمر رسیدہ افراد ایک مرتبہ پھر واضح طور پر دیکھنے کی صلاحیت حاصل کر سکیں گے۔ 70ءکی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریز سکس ملین ڈالر مین کا ہیرو اپنی بایونک آنکھ سے دور کی چیزوں کو باآسانی دیکھ لیتا تھا،کئی لوگوں کی خواہش ہوتی تھی کہ کاش ان میں بھی یہ صلاحیت پیدا ہوجائے۔ برطانوی سائنسدانوں نے 40سال پہلے متعارف کی گئی اس خیالی ٹیکنالوجی کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اس ٹیکنا لوجی کی ابتدا، ایک 80سالہ شخص رے فلین سے کی ہے جو آنکھ کی ایسی بیماری macular degenerationمیں مبتلا تھا،جو بڑھتی عمر سے متعلق ہوتی ہے،جس میں اشیاء اور چہرے کو پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے،صرف برطانیہ میں 5لاکھ افراد macular degeneration میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں نے رے فلین کی آنکھ میں بایونک آنکھ لگادی ہےجس کے بعد وہ چیزوں اور لوگوں کو پہچاننے لگے ہیں۔ اس ٹیکنا لوجی میں مریض کو ایک خاص چشمہ لگایا جاتا ہے،جس میں لگا ہوا کیمرامناظر کی تصاویر، آنکھوں کے پردے کے عضلات کو بھیجتا ہے جس کےبعد منظر صاف نظر آنے لگتا ہے۔ یہ کامیاب سرجری اُن عمر رسیدہ افراد کےلئے خوشی کا پیغام لائی ہے جن کے دیکھنے کی صلاحیت کمزور ہوتی جارہی ہے۔