30 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:36
کراچی میں ڈینگی کے پھیلاو ٔکا خطرہ ہمیشہ سے زیادہ
کراچی........اس بار کراچی میں ڈینگی کے پھیلاو ٔکا خطرہ ہمیشہ سے زیادہ، اب تک 8 شہری ہلاک اور سیکڑوں متاثر ہوچکے ہیں۔ اس جان لیوا بیماری کی روک تھام جن کی ذمے داری تھی، اُن کی طرف سے ایسا جواب سامنے آیا ہے، جسے سن کر شہری غمزدہ، اور ڈینگی پھیلانے والے مچھر خوش ہوجائیں گے۔
کراچی میں ایک ایسا اجلاس ہوا، جو شہریوں کیلئے بھلے ہی پریشان کن ہو، لیکن اس کی بدولت ڈینگی پھیلانے والے مچھر، ہر فکر سے آزاد ہوگئے ہیں۔کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد ڈینگی سیل کے سربراہ مسعود سولنگی بولے نہیں، بلکہ ایسے پھٹے کہ شرکا کی آنکھیں پھٹی پھٹی کی رہ گئیں۔
جیو نیوز کو حاصل ہونے والے خط کے مطابق مسعود سولنگی نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس نہ مطلوبہ فنڈز ہیں ، نہ عملہ اور تو اور، ڈینگی بخار کا پتا لگانے والی کٹس بھی نہیں۔ رہا انسداد ڈینگی سیل کا دفتر، تو وہاں فون اور فیکس جیسی بنیادی سہولتیں تک مہیا نہیں کی گئیں۔
معا ملے کی سنجیدگی پر کمشنر نے سیکریٹری صحت کو خط لکھ کر صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا اور ڈینگی کٹس سمیت فوری طور پر تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ 8 افراد ہلاک جبکہ دو ہزار آٹھ سو شہری اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں-