10 فروری 2016
وقت اشاعت: 23:0
فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں مریض خواتین مشتعل
فیصل آباد........فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں چیک اَپ نہ کئے جانے پر مریض خواتین مشتعل ہوگئیں اور عملے پر برس پڑیں، تُو تکرار بڑھ کر لڑائی تک پہنچ گئی ، خواتین نے عملے کے ایک رکن کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کی کوشش کی لیکن وہاں موجود افراد نے بیچ بچاؤ کرادیا۔
فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں آج اس وقت شور شرابہ شروع ہوگیا ،جب ایمرجنسی میں آنے والی خواتین نے بے نظمی پر آواز اٹھائی ، خواتین کا موقف تھا کہ اسپتال کا وارڈ بوائے اپنی مرضی سے اور اپنے جاننے والوں کونمبر کے بغیر ڈاکٹروں سے چیک کروا رہا ہے اور دیگر مریضوں کو اندر نہیں جانے دے رہا۔
کچھ دیر تک یہ تماشا دیکھنے کے بعد مریض خواتین نے وارڈ بوائے کو پکڑ لیا، پہلے اسے گریبان سے پکڑا اور تو تو میں میں شروع ہوگئی ، پھر دوسری خاتون ہاتھ میں پکڑی فائل لے کر اسی وارڈ بوائے کی طرف لپکی ، اس پر کچھ وار بھی کئے، اس دوران دونوں خواتین لفظوں کے گولے بھی برساتی رہیں تاہم لوگوں کے بیچ بچاؤ کرانے اورانتظامیہ کے حرکت میں آنے پر خواتین پُرسکون ہوگئیں۔
اسپتال انتظامیہ نے خواتین کو متعلقہ فرد کے خلاف تحریری شکایت درج کروانے کی پیش کش کی لیکن معاملہ رفع دفع ہونے پر خواتین نے بات مزید نہیں بڑھائی۔