5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تیل کی قیمتوں میں کمی پردی گئی سبسڈی پٹرولیم لیوی سے پوری کی جائیگی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے تاہم اس سے حکومت کو6 ارب70کروڑ روپے کی سبسڈی دینا ہوگی اور یہ رقم پٹرولیم لیوی سے پوری کی جائیگی۔ یعنی تیل سے حکومت کی محض کمائی ہی کم ہوگی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے باوجود حکومت رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات سے250 ارب روپے ٹیکسوں کی مد میں حاصل کرے گی جبکہ135 ارب روپے پٹرولیم لیوی کی مد میں حاصل ہوں گے۔ پٹرول کی ریفائنری قیمت45 روپے15 پیسے ہے اس پر10 روپے60 پیسے سیلز ٹیکس برقرار رہے گا جبکہ پٹرولیم لیوی10 روپے سے کم کرکے4 روپے27 پیسے فی لٹر کردی گئی ہے۔ ڈیزل کی ریفائنری قیمت57 روپے58 پیسے ہے۔ اس پر 12 روپے سیلز ٹیکس رہے گا جبکہ پٹرولیم لیوی8 روپے سے کم کرکے4 روپے37 پیسے کردی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی ریفائنری قیمت55 روپے ایک پیسہ ہے۔ اس پر10 روپے90 پیسے کا سیلز ٹیکس عائد رہے گا جبکہ6 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی کم ہوکر2روپے55 پیسے ہوگئی ہے۔ ہائی اوکٹین کی ریفائنری قیمت 55 روپے تین پیسے ہے۔ اس پر13 روپے71 پیسے سیلز ٹیکس عائد رہے گا جبکہ14 روپے کی پٹرولیم لیوی کم کرکے7 روپے45 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔