5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی:وی آئی پیز کی موجودگی، پولیس ہائی الرٹ ، سکیورٹی سخت
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں وی وی آئی پیز کی موجودگی اور ان کی شہر میں سیاسی جوڑ توڑ کے حوالے سے موومنٹ کی وجہ سے پولیس ہائی الرٹ ہے جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات اوراحتجاجی مظاہروں کی وجہ سے سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں گذشتہ شب سے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو غیر اعلانیہ طور پر الرٹ کر دیا گیا تھا۔ صدرآصف علی زرداری تو ایک ہفتے سے کراچی میں ہیں ہی جبکہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ بھی گذشتہ رات کراچی پہنچ گئے۔ ان اہم شخصیات کے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو دورے کا پروگرام بھی ہے ۔ ان حکومتی عہدیداروں کی سیاسی سرگرمیاں اور آمدورفت کی وجہ سے پولیس اور رینجرز کو صبح سے ہی سڑکوں پر تعینات کردیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس اور نماز جمعہ کے دوران شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد اور امام بارگاہوں میں سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔