5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیراعظم کی صدر و گورنر سندھ سے ملاقاتیں، بابراعوان کی فوری کراچی طلبی
جنگ نیوز -
کراچی …اپنی حکومت کو درپیش مشکلات سے بچانے اور روٹھی ہوئی ساتھی جماعت ایم کیوایم کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی آج ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ کریں گے اور ایم کیو ایم کے قائدین سے ملاقات بھی کریں گے۔ وزیراعظم گیلانی نے آج صبح ایک بار پھر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی،جس میں وزیرداخلہ رحمن ملک بھی موجود تھے، اس ملاقات کے بعد انہوں نے بلاول ہاؤس جاکر صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے اور اب وہ ایک بار پھر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کررہے ہیں، اس ملاقات وزیرداخلہ رحمن ملک کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں وزیراعظم کے نائن زیرو جانے سے قبل متحدہ کے تمام تحفظات دور کرنے پر بات چیت کی جارہی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزیرقانون بابر اعوان کو فوری طور پر کراچی طلب کرلیا ہے۔وہ آج شام بلاول ہاؤس میں صدر سے ملاقات کرینگے۔ اس سلسلے میں نائن زیرو پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتیں کم کئے جانے کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار گرگئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان کئی معاملات پس پردہ طے ہوچکے ہیں اور وزیراعظم کی نائن زیرو آمد معاملات طے ہوجانے کا واضح اشارہ ہے۔