5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیراعظم متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت حاصل کرنے نائن زیرو پہنچ گئے
جنگ نیوز -
کراچی …اپنی حکومت کو درپیش مشکلات سے بچانے اور روٹھی ہوئی اتحادی جماعت ایم کیوایم کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے دور حکومت میں پہلی بار ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئے ہیں۔ وزیر داخلہ رحمن ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد انکے ہمراہ تھے۔ نائن زیرو پر ایم کیو ایم کے رہنماوٴں بابر غوری ،رضا ہارون اور دیگر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیرا عظم کی آمد پر انکار شاندار استقبال کیا گیا اور ریڈکارپٹ استقبال کرنے کے علاوہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نائن زیروہ پر وزیرا عظم گیلانی ایم کیو ایم کے قائدین سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی نے آج صبح پھر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی،جس میں وزیرداخلہ رحمن ملک بھی موجود تھے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتیں کم کئے جانے کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار گرگئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان کئی معاملات پس پردہ طے ہوچکے ہیں اور وزیراعظم کی نائن زیرو آمد معاملات طے ہوجانے کا واضح اشارہ ہے۔