تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ہندو پنڈت نے سمجھوتہ ایکسپریس اور مساجد پرحملوں کا اعتراف کرلیا

جنگ نیوز -
نئی دہلی… بھارت کے ایک ہندو پنڈت نے سمجھوتہ ایکسپریس اور مالے گاؤں میں مسلمانوں کی مسجد پر دھماکے کرانے کا اعتراف کر لیا ہے ۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سوامی آسیم نند نے اپنے جرائم کا اعتراف باقاعدہ مجسٹریٹ کے سامنے کیاہے ۔ آسیم نند بھارتی ریاست گجرات کے ضلع ڈانگز میں وناسی کلیان اشرم کے سربراہ ہیں ۔سوامی نے تسلیم کیاکہ وہ دو ہزارسات میں سمجھوتہ ایکسپریس، اجمیراور حیدر آباد میں مسلمانوں پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔ سوامی نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ دسمبر دو ہزار چھ میں مالے گاؤں کی ایک مسجد پر حملہ کرانے میں بھی اس کا ہاتھ تھا ۔ سوامی کے مطابق بم حملہ سنیل جوشی نامی شخص نے کیا جو بعد میں مدھیا پردیش کے علاقے دیواس میں پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا۔ سوامی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام ساتھیوں کو یہی کہتے تھے کہ بم کا جواب بم ہی سے دیا جانا چاہیے ۔ یہی نہیں سوامی نے ایک اور چونکا دینے والے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ راشٹریہ سیونگ سنگ کے لیڈر اندریش بھی مسلمانوں پر حملوں میں ملوث ہیں ۔ ہندو پنڈت نے پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی بتایا کہ وہ لوگوں سے کس طرح کام لیتے اورکس طرح دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتے تھے ۔ اخبار کے مطابق تحقیقاتی ایجنسیوں نے ان وارداتوں کے ٹھوس ثبوت بھی حاصل کر لیے ہیں اور کئی گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈکیے ہیں ۔قابل غوربات یہ ہے کہ ممبئی حملوں میں مارے جانے سے صرف دو گھنٹے پہلے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ ہیمنت کرکرے نے ایک بھارتی وزیر کو فون پر بتایا تھاکہ انتہاپسند ہندو انہیں مالے گاؤں مسجدپر حملوں کی تحقیقات سے دور رکھنے کے لیے قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.