5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شمالی وزیرستان میں فوج بھجوانے کیلئے پاکستان پر دباؤ نہیں ڈال رہے،امریکا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان میں امریکا کے سفیرکیمرون منٹر نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ امریکا شمالی وزیرستان میں فوج بھجوانے کے لیے پاکستان پردباؤ ڈال رہا ہے،امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کوئی کردار ادا کرسکتے ہوئے تو ضرور کریں گے۔امریکی سفیر نے اسلام آباد کے گن کلب میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اہم اور اپنے تحفظ کی جنگ لڑرہا ہے جس کی واضح مثال سوات آپریشن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوات آپریشن کے دوران پاک فوج کے تین ہزار جوان شہید اور دس ہزار سے زائد شہری ہلاک و زخمی ہوئے، امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مشترکا مفادات اور ایک دوسرے کے احترام پر مبنی ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرنے میں بہت پرعزم ہے۔ کیمرون منٹر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت باہمی تجارت شروع کر دیں تو اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے اور دونوں ملکوں کے عوام کے لیے روز گارکے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔امریکی سفیر نے کہا کہ میڈیا واچ ڈاگ کا کردار ادا کرتا ہے اور پاکستان جیسا میڈیا دنیا میں کہیں نہیں دیکھا۔امریکی سفیرنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے سے متعلق ہیلری کلنٹن کے بیان کو غلط طور پر منسوب کیا گیا ہے ۔