تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

اعتدال پسندوں کا متحد ہونا پاکستان کی بقاء کے لیے ضروری ہے، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے موجودہ نازک حالات میں اعتدال پسند جماعتوں کا متحد ہونا پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلئے ناگزیر ہے اگر اعتدال پسند جماعتیں آپس میں دست وگریباں رہیں گی تو پورے ملک پر انتہاء پسندوں کا قبضہ ہوجائے گا۔یہ بات انہوں نے آج اپنی رہائش گاہ نائن زیروعزیزآباد میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔جبکہ رابطہ کمیٹی کے ارکان رضا ہارون، سید مصطفی کمال، ڈاکٹرصغیراحمد، محترمہ نسرین جلیل، سینیٹر بابر غوری، صوبائی وزراء سید سردار احمد، عادل صدیقی ، فیصل سبزواری اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدرعباس رضوی بھی موجود تھے۔دونوں رہنماوٴں کے درمیان آدھے گھنٹے تک گفتگو جاری رہی ۔الطاف حسین نے کہاکہ آج پاکستان انگنت مسائل اور جس نازک صورتحال سے دوچار ہے اس میں تمام محب وطن سیاسی جماعتوں کو نہ صرف قوت برداشت کا عملی مظاہرہ کرنا چاہئے بلکہ ملک کی بقاء وسلامتی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ایسا سیاسی کلچر پروان چڑھانا چاہئے جہاں انتہاء پسندی کی حوصلہ شکنی اور اعتدال پسندی کی حوصلہ افزائی ہو۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کا پہیہ چلتا رہے اور جمہوری حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے عملی کردار اد اکرتی رہے ۔ ہر ملک کی محب وطن جماعتیں آپس کے اختلافات کے باوجود ملک وقوم کیلئے کڑے اور امتحان کے وقت یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ایم کیوایم ،ہمیشہ ملک اور عوام کے بنیادی ایشوز اٹھاتی رہی ہے اور ایم کیوایم کے جہاں جہاں اختلاف ہوئے وہ ذاتی یا پارٹی کے بجائے ملک وقوم اور عوام کے مسائل کی بنیاد اختلافات ہوئے ہیں ۔ ذاتی اختلافات ایم کیوایم کی روایت نہیں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دے گی، زبانی وعدوں کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کرکے عوام کے مسائل حل کرے گی ۔ وزیراعظم نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آپکے خیالات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔ جن مسائل کا آج پاکستان کے عوام کو سامنا ہے اس میں تمام سیاسی قوتوں کو یکجہتی کامظاہرہ کرنا چاہئے مل جل کر جمہوری عمل کو جاری وساری رکھنا چاہئے اور قومی ایشوز پر سب کو یکجا ہونا چاہئے ۔وزیراعظم نے کہاکہ آج بھی میں اس کا اعتراف کرتا ہوں کہ آپ نے مجھ سے جب بھی گفتگو کی ہمیشہ عوام کے اجتماعی مفادات کی بات کی ہے ۔ میں اپنی جماعت کے تمام دوستوں پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے لبرل اور پروگریسیو جماعتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے میں خلوص نیت سے نائن زیروآیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ، پاکستان کا معاشی حب ہے اور ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر ہمیں اپنے اختلافات بھلاکر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ قوم کی امیدوں پر پورا اتر سکیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.