تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ملک میں شدید سردی، بالائی علاقوں میں دھند، اسلام آباد ائرپورٹ بند

جنگ نیوز -
اسلام آباد… ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔بیشتر علاقوں میں دھند کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر ہیں۔اندرون سندھ حیدر آباد میں سردی کی لہر برقرار ہے۔لاڑکانہ اورگردونواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی آمدروفت متاثر ہے۔خیر پور میں سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ سکھر ،چمبڑ اور گردنواح میں بھی دھند اور سردی سے لوگوں کومشکلات کا سامنا ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان ،بہاولپور ،بہاولنگر، خانیوال، چیچہ وطنی اورجھنگ میں دھند اورسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔ بلوچستان کے علاقے چمن میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے۔ نصیرآباد جعفرآباد اور گردونواح بھی شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں آئندہ چند روز تک دھند کا سلسلہ برقرار رہے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید سردی اوردھند کے باعث شہر کی سڑکیں سنسان اور کاروبار زندگی متاثر ہورہا ہے۔اسکردو کے بالائی علاقوں ،ایبٹ آباد اور گلیات میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ مظفرآباد اور گردونواح خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ بیشتر چشموں میں پانی جم چکا ہے۔ جبکہ موسمی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راول پنڈی میں دھند کے جاری سلسلہ میں آج ایک بار پھر شدت آگئی ، موسم کی اس شدت کے باعث بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت بھی معطل کرنا پڑی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضا میں بادل نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد اور راول پنڈی میں دھند کا سلسلہ شدید ہواہے ،کئی مقامات پر ویزیبلٹی صفر ہوگئی ہے ، یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ بالائی پنجاب اور ملحقہ مقامات پر 4 دن بعد ہلکی بارش کا امکان ہے، اس وقت تک دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، اسلام آباد کے ایئر پورٹ کی فلائٹ انکوائری کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے پروازوں کی آمد رفت میں تعطل پیدا ہوا ہے ، رات اڑھائی بجے کے بعد دن کے آغاز تک وہاں کوئی پرواز آ یا جا ، نہیں سکی اور تقریبا سات پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو لاہور بھجوادیا گیا جبکہ جانے والی پروازوں کی روانگی میں تاخیر کردی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.