5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گورنرشپ کے عہدے کی پیشکش ہوئی تو قبول نہیں کرونگی، عاصمہ جہانگیر
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . صدر سپریم کورٹ بار عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ ان کے پاس جو عہدہ ہے وہ کسی بھی صوبے کی گورنرشپ سے بڑا ہے اگر اس عہدے میں پیشکش ہوئی تووہ کسی صورت قبول نہیں کریں گی ، صدرآصف علی زرداری سے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاوس کراچی میں سپریم کورٹ بار کی صدر عاصمہ جہانگیر نے ملاقات کی ۔ جس کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیرنے کہا کہ ان کی صدر سے ملاقات سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر تھی اور بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے انہیں جس سے بھی ملنا پڑا وہ ملیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ باراور وکلا ہر جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں کسی آمر کی حمایت نہیں کی جائے گی ۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان تعلقات بہتر ہیں تاہم ججزکی تعیناتی کے معاملے پر کچھ تحفظات ہیں۔ جس طرح پشاور ہائی کورٹ کے جج کو ایک ماہ کی مدت رہ جانے کے بعد مستقل کردیا گیا اسی طرح سندھ میں تین ججوں کو ڈراپ اور باقی کو مستقل کیا گیا جس کی وجوہات نہیں بتائی گئی اس سلسلے میں ہم جواب کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر نے انہیں بار کیلئے دس کروڑ روپے کی گرانٹ دی ہیں اور بار کے دفتر کیلئے زمین دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ، صدر آصف علی زرداری سے سپریم کورٹ بار کے وفد سے صدر نے ایک علیحدہ ملاقات بھی کی۔