5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گورنر کے قاتل کو ہار پہنانے کا از خود نوٹس لیا جائے:سید ریاض حسین
جنگ نیوز -
ہیوسٹن . . . . . . پی پی پی ہیوسٹن کے صدر اور پی پی پی اُردُو ویب کے چیف کنسلٹنٹ سید ریاض حسین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قاتل کو ہار پہنانے کے واقعے کا از خود نوٹس لیں اور اس میں ملوث وکلاء اور ان کے پس پردہ کرداروں کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذو الفقار علی بھٹو کی سالگرہ اورگورنر پنجاب سلمان تاثیر کی شہادت کے حوالے سے منعقدہ فاتحہ خوانی کی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں پر تنقید کر کے اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان جواب دیں کہ گورنر پنجاب کے قاتل کو ہار کیوں پہنائے گئے؟ سید ریاض حسین کا کہنا تھا کہ شریف برادران اور چوہدری نثار کو جواب دینا ہو گا کہ گورنر پنجاب کے قاتل کومسلم لیگ ن اسلام آباد لائرز ونگ کے صدر فضل الرحمان نیازی نے ہار کیوں پہنائے؟انہوں نے کہا کہ حکومت کو قرض اتارنے کا مشورہ دینے والے اس بات کا جواب دیں کہ انہوں نے”قرض اتارو ملک سنوارو“ کی مہم کی رقم کس بینک میں جمع کروارکھی ہے؟انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ میں تو خود مسلم لیگ ن مہارت رکھتی ہے۔چوہدری نثار اور ان جیسے جمہوریت دشمنوں نے ہمیشہ میثاق جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔قبل ازیں فاتحہ خوانی کی محفل میں شہید ذو الفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بینظیر بھٹو،شہید سلمان تاثیر اور دیگر شہدائے جمہوریت کے بلند درجات اور ملک میں امن امان اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔