5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حیدر آباد سیکٹر ممبر عاصم عباس پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیا جائے ،رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے عاصم عباس پر نامعلوم دہشت گردو ں کی جانب سے فائرنگ کرکے شدیدزخمی کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایم کیوایم کے خلاف گھناؤنی سازش قراردیاہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کا امن تبا ہ کررہے اور کراچی میں پی آئی بی کالونی سیکٹرکے کارکن یاورعباس کی بہیمانہ شہادت کے فوری بعدحیدرآبادمیں عاصم عباس پرفائرنگ اس ہی کی کڑی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے مزیدکہاکہ اس سے قبل بھی مسلح دہشت گردعادل اخترجعفری کو کراچی میں فائرنگ کرکے شہیدکر چکے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب ایم کیوایم کے کارکنان کوفائرنگ کرکے شہیدکیاجارہاہے جبکہ دوسری جانب کارکنان کے قتل میں ملوث کسی ایک بھی دہشت گردکوتاحال گرفتارنہیں کیاجاسکاجس کے باعث ایم کیوایم کے کارکنان میں شدیدغم وغصہ پایاجارہاہے۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے تمام کارکنان کوہدایت کی وہ صبرکادامن تھامے رکھیں اورکسی بھی طورمشتعل نہ ہوں۔رابطہ کمیٹی نے صدرآصف علی زرداری،وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی ،وفاقی وزیرداخلہ رحمن ،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداور صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا سے مطالبہ کیا ہے کہ نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم حیدر آباد سیکٹر کے سیکٹر ممبر عاصم عباس کے زخمی ہونے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردو ں کوگرفتار کرکے انہیں کے خلاف سخت سے سخت اقدام کیا جائے ۔