تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

قومی اسمبلی میں ناموس رسالت سے متعلق بل واپس لیا جائے، فضل الرحمان

جنگ نیوز -
کراچی . . . . . جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں ناموس رسالت کے قانون سے متعلق پیش کیا گیا پرائیوٹ بل واپس لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیر کے قتل کے بعد دینی اداروں اور مدارس کے خلاف کاروائیاں حکومتی بدنیتی ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی کے مقامی ہوٹل میں جمعیت علمائے اسلام ف کے تحت تحفظ ناموس رسالت پر مذہبی جماعتوں کے سربراہان کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے سربراہ سید منور حسن، جمعیت علمائے پاکستان کے صاحبزادہ ابوالخیر زبیر ، مولانا حفیظ جالندھری سمیت مذہبی رہ نماؤں نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیر کے قتل کی پاداش میں دینی قوتوں ، اداروں اور مدارس کے خلاف کاروائیوں کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسے ہتکنڈے ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بدامنی کے حالیہ واقعات تحفظ ناموس رسالت کانفرنس اور ریلی کو روکنے کی سازش ہے اور جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں۔ جن سے ہمیں خطرات ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی میں ناموس رسالت کے قانون سے متعلق پیش کیا گیا پرائیوٹ بل واپس لیا جائے جبکہ صدر مملکت کی جانب سے ناموس رسالت کے قانون اور جرم ثابت کرنے کے طریقہ کار کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کو تحلیل کی جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.