5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بحالی امیج،اسانج نے پبلک ریلیشن فرم کی خدمات حاصل کر لیں
جنگ نیوز -
لندن…سینٹرل مانیٹرنگ…حساس امریکی راز افشا کر کے عالمی سیاست میں ہلچل مچا دینے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے سنگین الزامات پر اپنے تباہ ہوتے امیج کو بحال کرنے کے لیے لندن کی ایک معروف پبلک ریلیشن فرم’بورکوسکی‘ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔جولین اسانج جو ان دنوں ایک مقدمہ میں ضمانت پرہیں جس میں ان پر سوئیڈش خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ، جس نے ان کے امیج کو کافی دھچکا پہنچایا ہے۔وکی لیکس کی ٹیم کے 4 ارکان نے بھی گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس کے دوران وکی لیکس کو خیر باد کہتے ہوئے ایک الگ ویب سائٹ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ وکی لیکس، اس کے بانی جولین اسانج اور انہیں معلومات فراہم کرنے والوں کے بارے میں دنیا کو آگاہ کریں گے۔ ساتھیوں کی جانب سے ساتھ چھوڑ جانے پر39سالہ اسانج کو دکھ تو ضرور ہوا تاہم انہوں نے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے نہ صرف ایک معروف پبلک ریلیشن فرم کی خدمات حاصل کیں بلکہ اپنی سوانح عمری لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے ایک ملین پاؤنڈ کا معاہدہ بھی کیا ہے۔