5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاپ گلوکارہ ریحانہ رواں ماہ اپنا ذاتی پرفیوم متعارف کروائیں گی
جنگ نیوز -
لاس اینجلس…سینٹرل مانیٹرنگ…مشہور پاپ گلوکارہ، اداکارہ اور سنگیت کار ریحانہ بھی آخر کار ان ہالی وڈ شخصیات کی فہرست میں شامل ہونے جارہی ہیں جن کے نام پر پرفیوم متعارف کروائے گئے ہیں۔ریحانہ نے اس سلسلے میں گزشتہ سال پرفیوم بنانے والی دنیا کی ایک معروف کمپنی کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کیے تھے ۔ ریحانہ کے نام سے منسوب پرفیوم کا نام ”Reb'L Fleur“ ہے جو رواں ماہ کی 25تاریخ کو امریکا جبکہ تین ماہ کے اندر انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی متعارف کروادی جائے گی جس کی قیمت 49ڈالر سے 59ڈالر ہوگی۔ایک ویب سائٹ کے مطابق پرفیوم کا نام ریحانہ کے Nickname پر رکھا گیا ہے۔ بچپن میں بارباڈوس میں پرورش کے دوران ریحانہ کی دادی انہیں اس نام سے پکارا کرتی تھیں۔پروفیوم بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ریحانہ کے نام سے منسوب پرفیوم جذبات کو برانگیختہ کرنے والی صرف ایک خوشبو نہیں بلکہ اس سے ریحانہ کی آزاد شخصیت کی بھی عکاسی ہوگی۔ پرفیوم تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ”Reb'L Fleur“ بہت جلد ایک بہتر خوشبو کے طو رپر ہر کسی کے ہاتھ میں ہوگی۔