5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں شدید سردی،برف باری، غذر اور استور کا رابطہ منقطع
جنگ نیوز -
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاریہے، برف باری نے غذر اور استور کے بالائی علاقوں کا رابطہ منقطع کردیا ہے ۔آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی10 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ قلات میں منفی09،ہنزہ اورغذرمیں منفی08 اور اسکردو میں درجہ حرارت منفی07 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ۔گلگت ،اسکردو اور گردونواح میں خشک سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔غذر اور استور کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روز کی برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ گیس سلنڈر اور لکڑی کی زائد قیمتوں سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سوات کے بالائی علاقوں مالم جبہ اور کالام میں رات کے وقت درجہ حرارت منفی10 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے ۔ بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث سردی سے بچنے کے لیے لوگ لکڑیاں جلا نے پرمجبور ہیں ۔نوشہرہ میں سخت سردی سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اورپہاڑوں پر مزید برف باری کی توقع ہے۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ۔ ملتان ایئر پورٹ پر آنے اور جانیوالی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا ہے۔ بلوچستان کے شہرچمن میں خشک سردی پڑرہی ہے اوردرجہ حرارت منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاہے جبکہ پندرہ گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیاہے۔خیرپور اور نوشہروفیروز سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔