5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دھند، اسلام آباد سے کوئٹہ آنیوالی پروازیں و ٹرینیں تاخیر کا شکار
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . شدید دھند اور خراب موسم کے باعث اسلام آباد سے کوئٹہ آنیوالی پی آئی اے کی پرواز اور ریل گاڑیوں کی آمد مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔ اسلام آباد سے کوئٹہ آنے والی پرواز دوسرے روز بھی دس گھنٹے کی تاخیر سے رات کو کوئٹہ پہنچے گی۔پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 363 کی آمد میں مسلسل دوسرے روز بھی تقریباًدس گھنٹے کی تاخیر ہے۔ اسلام آباد سے پرواز کو نوبجکر 50منٹ پر آنا تھا لیکن اب اس کی آمد رات کو سات بجکر پینتالیس متوقع ہے، پی آئی اے ذرائع کے مطابق پرواز میں تاخیر کی وجہ خراب موسم اور دھند ہے، دوسری جانب اسلام آباد سے پرواز کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے کوئٹہ سے کراچی کی پرواز بھی تقریبا دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، اب یہ پرواز جسے کوئٹہ سے کراچی کے لئے صبح دس بجکر پچاس منٹ پر روانہ ہونا تھا اب رات کو آٹھ بجکر پینتالیس منٹ پر روانہ ہوگی، اسی طرح اندرون ملک سے کوئٹہ آنیوالی ٹرینیں بھی کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، کراچی سے آنے والی بولان میل ،راولپنڈی سے آنے والی جعفر ایکسپریس اور پشاور سے کوئٹہ ایکسپریس چھ سے آٹھ گھنٹوں کی تاخیر سے کوئٹہ پہنچیں گی، ٹرینوں کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں اور انہیں اسٹیشن پر لینے آنیوالے عزیز واقارب کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔