5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی شہربدستور دھند کی لپیٹ میں
جنگ نیوز -
لاہور . . . .آج بھی پنجاب کے زیادہ تر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ موٹروے پر لاہور سے اسلام آباد تک حد نگاہ20میٹر جبکہ ہائی ویز پر گوجرانوالہ،اوکاڑہ اور ملتان تک حد نگاہ صفر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مشرقی اور بالائی حصوں میں رات گئے ہلکی دھند رہی۔ جنوبی پنجاب میں ساہیوال سے ملتان اور بہاولپور سے رحیم یار خان تک شدید دھند تھی، صبح سویرے اس کی شدت بڑھ گئی اور بیشتر علاقوں میں حدنگاہ صفرہو گئی ۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے ملتان ائیر پورٹ پر آنے اور جانیوالی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں آئندہ چند روز موسم مزید خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جس سے دھند کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا آج ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کہ یخ بستہ ہوا بھی چل رہی ہے۔موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان ریجن میں دھند کی حد نظر صفر ہے جبکہ دن کے اوقات میں بھی دھند کے باعث نیشنل ہائی وے پر چلنے والی گاڑیوں کو لائٹیں آن رکھنے، رفتار کم اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملتان آنے اور جانیوالی ٹرینیں بھی کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔ ملتان ائیر پورٹ پر صبح 8 بج کر 55 منٹ پر کراچی سے آنیوالی فلائٹ پی ۔ کے332 کو6گھنٹے کی تاخیر سے آج سہ پہر2 بج کر20 منٹ پر پہنچے گی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث بند کی گئی پشاور سے اسلام آباد موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔دوسری طرف پشاور میں کئی دنوں کے بعد دھند میں کمی آئی ہے اور پشاورکے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کی آمدو رفت شروع ہو گئی ہے۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق تمام پروازیں شیڈول کے مطا بق روانہ ہوں گی۔پشاورتابرہان انٹرچینج تک موٹروے بند کردی گئی ۔ٹرینوں اورپروازوں کے شیڈول بھی متاثر ہورہے ہیں۔آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹروسیم کوثر کے مطابق لاہور سے کوٹ مومن انٹرچینج تک دھند کے باعث حدنگاہ20میٹر رہ گئی ہے۔گوجرانوالہ،اوکاڑہ،لودھراں،ملتان،رحیم یار خان اور بہاولپورکے نزدیک چنی گوٹھ سے لودھراں تک شدید دھند چھائی ہوئی ہے اورحد نظر صفر ہوگئی ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے پشاورسے برھان انٹرچینج تک آمدورفت کیلئے عارضی پر طور پر بندکردی گئی ۔لاہورکا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پشاورایئرپورٹ بھی دھند کی لپیٹ میں ہے جس کے سبب پروازوں کے شیڈول متاثر ہوگئے ہیں۔