5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وادی کوئٹہ اور قلات میں شدید سردی کی لہر جاری
جنگ نیوز -
کوئٹہ …وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقے بدستورسردی کی لپیٹ میں ہیں۔کوئٹہ اور قلات کے ساتھ ساتھ سبی میں بھی کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور قلات میں شدید سردی کی لہر جاری ہے کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ صوبے کے گرم ترین ضلع سبی میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیاہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بلوچستان کے ضلع دالبندین میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1سینٹی گریڈ، لسبیلہ8.5سینٹی گریڈ، گوادر میں نو اعشاریہ پانچ، خضدار میں منفی1.5 ، جیوانی میں15 ، ژوب میں1.5 ریکارڈ کیا گیا۔وادی زیارت سے موسم کا باقاعدہ ریکارڈ تو نہیں ملا لیکن وہاں سے موصول ہونیوالی اطلاعات کے مطابق وہاں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے،سبی اور ڈیرہ بگٹی کی تحصیل میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثرہوئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور قلات میں شدید سردی کے بعد سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات مل رہی ہیں جس کے باعث عوام شدید پریشانی سے دو چار ہیں۔