5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئٹہ: 24گھنٹوں کے دوران 6افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کوئٹہ…کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں6افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد کی لاشیں پنجگور سے برآمد ہوئیں ۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پرایک شخص نے چاقوکے وار کرکے اپنے قریبی رشتہ دار کلیم اللہ کو قتل کردیا۔جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی ایک مسجد کے خطیب مولانا قاسم گیس سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔کوئٹہ سے آواران کیلئے فائبرآپٹیکل بچھانے کیلئے کھدائی کرنیوالے مزدوروں پر آواران کے علاقے زیگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد عبدالوہاب، نثار احمد اورحاجی گل ہلاک ہوگئے۔ ضلع کیچ کے علاقے مند میں نامعلوم افراد نے مٹھائی کی دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص غلام حیدر جاں بحق ہوگیا۔ بلوچستان کے ضلع پنجگور سے دو افراد تاج محمد اورپیر جان کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیاان کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی سے ہے۔کوئٹہ میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا، کارروائی میں چار ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔