5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی:ناموس رسالت قانون کے حق میں مذہبی جماعتوں کی ریلی
جنگ نیوز -
کراچی … تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺکے تحت تحفظ ناموس رسالت قانون میں مجوزہ ترمیم کی کوششوں کے خلاف کراچی میں احتجای جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون تحفظ ناموس رسالت میں کسی قسم کی کوئی بھی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی۔دوپہر سے ہی شہر کے مختلف علاقوں سے مزار قائد پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونا شروع ہو گئی۔ مزار قائد سے قافلوں کی صورت میں شرکا اور قائدین تبت سینٹر کی طرف روانہ ہوئے اور ریلی نے تبت سینٹر پر پہنچ کر جلسہ کی صورت اختیار کر لی۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تحریک ناموس رسالت کی تحریک ہے جو پر امن ہے۔ ان کا کہناتھا کہ وزیر اعظم پالیمنٹ کے فلور پر پالیسی بیان دیں کہ ناموس رسالت قانون میں کسی قسم کی کوئی ترمیم نہیں کی جا رہی ۔انھوں نے کہا کہ نوز شریف اور الطاف حسین قومی جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایمانی مسئلہ پر دو ٹوک موقف قوم کے سامنے لائیں اور ہمارا ساتھ دیں۔ جلسہ سے خطاب میں جمعیت علما ء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں کسی قسم کی کوئی ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ یہ شیطانی قوتیں ہیں جو قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر تحریک ناموس رسالت صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ بغیر گولی چلے اور گاڑیاں جلے کامیاب ہڑتال کے بعد کراچی میں تاریخی جلسہ نے ثابت کر دیا کہ یہ پوری قوم عاشق رسول ہے۔ ریلی کے شرکا سے خطاب میں جماعت اسلامی کے سیکریٹر جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ صدر زرداری، وزیر اعظم، نام نہاد دانشور اور مغرب زدہ اراکین اسمبلی دیکھ لیں کہ کراچی کی عوام نے ان کے خلاف کتنا بڑا احتجاج کیا ہے۔ اس موقع پر وفاق المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ ناموس رسالت قانون کے تحفظ کے لئے پوری قوم جان دینے کو تیار ہے۔ جلسہ میں کئی قراردادیں بھی منظور کی گئی جبکہ میڈیا سے اپیل کی گئی کہ وہ اس تاریخی جلسہ کی برائہ راست کوریج کرے۔