5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اہل تشیع کارکنان کو چن چن کر شہید کرنے کے واقعات سازش ہیں،متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی… متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم کے اہل تشیع کارکنان کو چن چن کر شہید کیا جارہا ہے اور اسکا مقصد اہل تشیع افراد کو متحدہ قومی موومنٹ سے بدظن اور ان میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، قتل و غارتگری کا سلسلہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے ۔یہ بات رکن رابطہ کمیٹی واسع جلیل نے اتوار کے روز خورشید بیگم میموریل ہال عزیزآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر کنور خالد یونس ،اشفاق منگی ، یوسف شاہوانی اور گلفراز خان خٹک ، بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قیام سے قبل کراچی کے عوام کے اتحادکوتقسیم کرنے کیلئے انہیں برسوں تک ایک سازش کے تحت شیعہ سنی اوردیوبندی بریلوی مسلک کی بنیادپر آپس میں لڑایاجاتارہا،جس کی وجہ سے یہاں فرقہ وارانہ فسادات ہوتے تھے اورعوام آپس میں باہم دست وگریباں رہتے تھے ۔ قائدتحریک الطاف حسین نے تحریک کے قیام کے روزاول سے ہی اتحادبین المسلمین کیلئے رات دن کوششیں کیں اورعوام کے درمیان فقہ اورمسلکوں کی بنیادپرپیداکی گئیں منافرتوں کوختم کرکے ان میں مثالی اتحادپیداکیاجس کی مثالیں آج تک دی جاتی ہیں۔ وہ عناصرجواتحاد بین المسلمین سے خوش نہیں تھے وہ یہاں کے عوام کوفرقے اورمسلکوں کے نام پرتقسیم کرنے کیلئے فرقہ واریت اورمسلکی منافرت کوہوادینے کی کوششیں کرتے رہے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، ایم کیوایم کی کی مسلسل عملی کوششوں اور باشعورعوام کے اتحادکی بدولت فرقہ وارانہ فسادات اورعوام کوتقسیم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہوسکی۔ جب یہ سازشی عناصر شیعہ سنی اور دیوبندی بریلوی مسلک کی بنیاد پر عوام کو لڑانے میں ناکام ہوگئے تو ان سازشی عناصر نے اپنی سازش کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے ،اور اتحاد بین المسلمین کی ایم کیو ایم کی کوشش کو سبوتاژ کرنے کے لیے کراچی ، حیدرآباداورسندھ سمیت پاکستان بھر میں دوبارہ سے مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو قابض کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔جب یہ عناصر شیعہ سنی کی بنیادپرعوام کوآپس میں لڑانے اورعوام کے اتحادکوپارہ پارہ کرنے کی تمام سازشوں میں ناکا م ہوگئے توان عناصر نے اب اپنی سازش کاطریقہ ء واردات تبدیل کردیا ہے اوراب ایم کیوایم میں مختلف سطحوں پرذمہ داریوں پرفائزان ذمہ داروں اورکارکنوں کوچن چن کرنشانہ بنایاجارہا ہے جواہل تشیع کے فقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔اس سازش پر عمل درآمدکاآغاز گزشتہ اگست میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید رضاحیدرکے بہیمانہ قتل سے ہواتھا،اب اس سازش میں تیزی آگئی ہے اوراب تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے اہل تشیع ذمہ داروں اورکارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے۔گزشتہ روز پی آئی بی کالونی میں سینئر کارکن یاورعباس کو انکے گھرکے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جبکہ ایک گھنٹہ بعد حیدرآبادمیں ایم کیوایم کے ذمہ دار عاصم عباس کو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا، ان کی حالت تشویشناک ہے ۔