5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مخالفین کا ٹارگٹ میں نہیں بلکہ صدرزرداری ہیں،وزیر اعظم گیلانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مخالفین کا ٹارگٹ وہ نہیں بلکہ صدر ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے ہوتے ہوئے صدر کو کچھ نہیں ہو سکتا ان کا کہنا تھا کہ وہ انا کی خاطر ملکی معاملات کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے، اپوزیشن کی جانب سے مدد کیلئے بڑھایا گیاہاتھ تھام لیا ہے ، نواز شریف کی تجاویز پرملکی مفاد میں کام کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے نواز شریف کو10 نکاتی ایجنڈے پر مثبت جواب دیا ہے ، ان سے گفتگوسے پہلے صدرزرداری کواعتماد میں لیا، نواز شریف کی تجاویز میں سے جوقابل عمل ہونگی ان پر کام ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے الطاف حسین، چوہدری شجاعت ، اسفند یار ولی ، فضل الرحمان ، پیر پگارا اورمنیر اورکزئی سے بھی بات کی، انہوں نے تعاون کایقین دلایا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں قومی مسائل حل کرنے میں مخلص ہیں، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پنجاب حکومت سے نکلنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پنجاب حکومت چھوڑی نہ کبھی بلیک میل کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کاکوئی ارادہ نہیں، گورنر سلمان تاثیر کے قتل کا معاملہ حساس ہے اور وہ اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتے، انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتوں کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتی ہے ، ان کے بیٹوں پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے کسی کے پاس حج کرپشن کے ثبوت ہیں توعدالت میں پیش کریں،وزیراعظم نے کہا کہ وزارت خزانہ نے معاشی صورتحال پر پارلیمانی لیڈرز کوبریفنگ دی،ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے ملکر کام کرناہے،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپکو ،اسٹیل مل،ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کی جائیگی ۔