5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیراعظم گیلانی کی الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو
جنگ نیوز -
لندن…وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی پر رابطہ کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اورملک میں مفاہمت کی فضاء کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حکومتی بینچوں پر ایم کیوایم کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے الطاف حسین اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم کی تمام شکایات اور تحفظات دورکئے جائیں گے اور تمام فیصلے ایم کیوایم سے مشاورت اور اسے اعتماد میں لیکر کئے جائیں گے ۔ الطاف حسین نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف کے مابین معاملات خوش اسلوبی سے طے پانے کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کے وسیع ترمفاد ، جمہوریت کے استحکام اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت سے ہرممکن تعاون کرتی رہے گی ۔دریں اثناء الطاف حسین نے ہفتہ کی شب مسلم لیگ ق کے رہنماچوہدری پرویزالہٰی اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اورانہیں گزشتہ روز حکومتی بینچوں پربیٹھنے کے ایم کیوایم کے فیصلے کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ الطاف حسین نے چوہدری پرویزالہٰی اورشیخ رشیداحمدسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومتی بینچوں پربیٹھنے کے باوجودایم کیوایم عوام کے مفادکے خلاف کئے جانے والے حکومتی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی ۔ الطاف حسین نے چوہدری پرویزالہٰی اورشیخ رشیداحمدسے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔