5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نصیر اللہ بابربینظیر کے پہلے دور حکومت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی رہے
جنگ نیوز -
پشاور…سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میجر جنرل(ر) نصیراللہ خاں بابر طویل علالت کے بعد پشاور میں انتقال کرگئے ان کی عمر83 برس تھی۔نصیراللہ خان بابر انیس سو اٹھائیس میں اکوڑہ خٹک نوشہرہ کے قریب اسماعیل خیل کے گاؤں پیر پیائی میں پیدا ہوئے ۔انھوں نے ملٹری کالج دہرہ دون میں فوجی تربیت حاصل کی اور قیام پاکستان کے بعد پاک فوج میں شمولیت اختیار کر لی،انیس سو پینسٹھ کی پاک بھارت جنگ میں شاندار کارکردگی پر نصیراللہ بابر کو ڈبل ستارہ جرات کا اعزاز دیا گیا، انھوں نے فوج میں میجر جنرل اور آئی جی فرنٹیئر کور سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ 1967 میں فوج سے علیحدگی اختیار کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔نصیراللہ بابر1975 سے 1977 تک سابق صوبہ سرحد کے گورنر رہے۔بے نظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں نصیر اللہ بابر وزیراعظم کے معاون خصوصی رہے ۔ 1993 سے1996 تک انھوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔اسلام آباد میں اسکول بس کے اغوا میں بچوں کو بحفاظت چھڑانے پر انھیں تمغہ پاکستان دیا گیا۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام اور کراچی آپریشن میں ان کا کردار اہم رہا۔