5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
جیل کے اطراف عمارتوں سے منشیات اور موبائل فون اندر پھینکنے کا انکشاف
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ کے وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقارمرزانے انکشاف کیاہے کہ جیلوں کے اطراف بلندعمارتوں سے جیل کے اندر منشیات اور موبائل فون پھینکے جاتے ہیں ۔یہ انکشاف انہوں نے کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لئے 6نئی بیرکوں کے افتتاح کے موقع پرکیا۔ڈاکٹرذوالفقارمرزاکاکہنا تھاکہ نئی بیرکوں کی تعمیر سے جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنے کے مسائل پرقابو پایاجاسکے گا۔انہوں نے بتایاکہ لانڈھی جیل میں بھی ایک ہزار قیدیوں کے لئے نئی بیرکس کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔کراچی سینٹرل جیل میں بنائی جانے والی6بیرکوں میں600قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ ان بیرکوں میں قیدیوں کیلئے بیت الخلا،صفائی ستھرائی سمیت ہوا اور روشنی کابھی انتظام کیاگیاہے۔