5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
فیصل آباد: صنعتوں کو گیس کی سپلائی بدستور معطل ،ہزاروں مزدور بیروزگار
جنگ نیوز -
لاہور....پنجاب کے مختلف اضلاع میں سی این جی اسٹیشنز بدستور بند ہیں۔ فیصل آباد میں چوتھے روز بھی صنعتوں کو گیس کی سپلائی معطل رہنے سے یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے ہزاروں مزدور روزگارسے محروم ہیں۔سی این جی اسٹیشنزمالکان کا کہنا ہے کہ ملتان ریجن میں پیر اور منگل کو صبح6 بجے سے سی این جی اسٹیشنز کو بند کر دیا جاتا ہے لیکن رواں ہفتے یہ بندش اتوار سے ہی شروع ہوگئی اور گذشتہ روز شہر کے بیشتر اسٹیشن بند رہے،جس سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیاہے۔فیصل آباد میں صنعتوں کو آج چوتھے روز بھی گیس کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جاسکی ،جس کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے ہزاروں مزدور روزگارسے محروم رہے۔کم پریشر کے سبب گھریلو صارفین کو بھی مشکلات کا سامناہے۔ڈیرہ غازی شہرمیں گھریلو صارفین کو آج تیسرے روز بھی گیس کی سپلائی بند ہے۔دوسری جانب سی این جی اسٹیشن پر بھی لو ڈ مینجمنٹ کے تحت دوروز تک سی این جی کی فراہمی بند ہے۔سرگودھا میں گھریلو صارفین گیس کی گھنٹوں لو ڈشیڈنگ کا شکار ہیں ۔ سی این جی اسٹیشن آج چوتھے روز بھی لو ڈمینجمنٹ کے تحت بند ہیں ۔گوجرانوالہ میں لوڈ مینجمنٹ کے تحت آج سے دوروز تک سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے جبکہ کم پریشر کے سبب گھریلو صارفین کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔