5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک بھر میں سردی، بالائی علاقوں برف باری سے راستے بند ہوگئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد...ملک بھر میں سرد موسم کی شدت برقرار ہے۔شدید سردی میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے بعد جلانے کی لکڑی اور گیس سلینڈرز کی بلند قیمتوں کے باعث عوام کیلئے سرد موسم سے بچنا مشکل ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کاشت کے اکثر علاقوں میں دو سے تین دن کے دوران بارش کا امکان نہیں ۔ملک کے بالائی علاقوں میں خشک سردی کی لہر بدستور جاری ہے ۔برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ گیس سلنڈر اور لکڑی کی زائد قیمتوں سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مالم جبہ اور کالام میں رات کے وقت درجہ حرارت منفی9ْڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔ بجلی اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث سردی سے بچنے کیلئے لوگ لکڑیاں جلا نے پرمجبورہوگئے ہیں ۔نوشہرہ میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات مزید اضافہ کردیا ہے۔جنوبی پنجاب کے تمام شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ خراب موسم کے باعث ملتان ائیر پورٹ پر آنے اور جانے والی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا ہے۔ بلوچستان کے پہاڑی علاقے بھی بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔توبہ اچکزئی اور ٹوبہ کاکڑی میں درجہ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے،جبکہ پندرہ گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیاہے۔خیرپور اور نوشہروفیروز سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ا یم ون ، ایم ٹو ، ایم تھری موٹر ویز اور نیشنل ہائی وے کے بیشتر حصے رواں ہفتہ کے دوران وقفے وقفے سے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔گذشتہ رات سے راولپنڈی، لاہور، گوجرنوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان ، بہاولپور اور سکھر ڈویژن شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کاشتکار حضرات کیلئے اطلاع ہے کہ کاشت کے اکثر علاقوں میں دو سے تین دن کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ۔ آج صبح سب سے کم درجہ حرارت کالام ، اسکردو میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قلات ، ہنزہ، پارا چنار میں منفی10 اور گوپس میں منفی9 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔