5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئی مسلمان نبیﷺکی شان میں گستاخی کا سوچ نہیں سکتا،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کوئی مسلمان نبی کی شان میں گستاخی کاتصوربھی نہیں کرسکتا۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر تحریک کے مختلف شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے ٹیلیفون پرفکرانگیز خطاب میں کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ مذہبی رہنماوٴں سے درخواست کرتاہوں کہ وہ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی اس یقین دہانی کے بعد کہ ناموس رسالت کے قانون میں کسی بھی قسم کی ترمیم یاتبدیلی نہیں کی جارہی ہے، اپنے مظاہروں کاسلسلہ ختم کردیں۔ انہوں نے کہا ہے سلام جبراور انتہا پسندی کانہیں اعتدال پسندی کا درس دیتاہے ،مذہبی نتہاپسندی اسلام کی تعلیمات کی نفی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ اسلام نہ صرف مسلمانوں کوامن وسلامتی کاپیغام دیتا ہے بلکہ غیر مسلموں کوبھی امن اورسلامتی کی ضمانت دیتاہے اگراسلام کے نام پر قبروں سے میتوں کونکال کرسڑکوں اورچوراہوں پرلٹکایاجائے، نمازیوں پرخودکش حملے کرکے انہیں شہید کیا جائے، مساجد اورامام بارگاہوں پر حملے کئے جائیں اورمعصوم وبے گناہ مسلمانوں کوقتل کیاجائے توکیایہ عمل خلاف اسلام قرارنہیں پائیگا؟ ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ اولیائے کرام ،بزرگان دین کے مزاراتِ مقدسہ کوبموں سے اڑانااورانکے مزارات کی توہین کرناکیا رسول اکرم سے محبت کامظاہرہ ہے؟ نبی اکرم سارے عالم کیلئے رحمت لانے والے ہیں،مذہبی انتہاپسند عناصر اپنے گھناوٴنے عمل سے دنیامیں حضور کاامیج خراب کررہے ہیں چاہے کوئی کسی بھی مذہب، فقہ یامسلک کاماننے والاہو،سب کااحترام کرو،کسی سے نفرت نہ کرو،سب کوجینے کاحق ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ مذہبی انتہاپسندعناصرملک خصوصاًسندھ میں مذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کوتباہ کرکے یہاں جنونیت اورمذہبی انتہاپسندی کا قبضہ کرنا چاہتے ہیں، جب تک ایم کیوایم موجود ہے وہ مذہبی انتہاپسندعناصرکوقبضہ کرنے نہیں دے گی۔