5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سینیٹر نیئر بخاری سے شاملات کی 80 کنال اراضی کا قبضہ واپس لینے کاحکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے ججز تقرر کی پارلے مانی کمیٹی کے سربراہ اورپیپلز پارٹی کے سینیٹر نیئر بخاری سے اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں شاملات کی 80 کنال اراضی کا قبضہ واپس لینے کاحکم دیاہے۔ سپریم کورٹ نے بنی گالہ کی اراضی پر ناجائز قبضوں سے متعلق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی درخواست پر ازخود نوٹس لیا تھا ، اس پر چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے سماعت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے کاکہناتھاکہ بنی گالہ میں شاملات اراضی کا ایشو طے ہونا باقی ہے، اس پر جسٹس رمدے برہم ہوگئے اور ریمارکس دئے کہ پہلے عدالت کو کچھ اور بتایا گیا ، عدالت فیصلے میں لکھے گی کہ شاملات ادائیگی کی رقم چیئرمین سی ڈی اے سے لی جائے، چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ نیئر بخاری نے اراضی کا قبضہ واپس دینے پر آمادگی ظاہر کررکھی ہے جبکہ نیئر بخاری کا کہناہے کہ اراضی کا قبضہ ان کے پاس نہیں ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت جمہ کوکی جائے گی۔