5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
توقع ہے بھارت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کریگا،دفتر خارجہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . دفترخارجہ کے ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ بھارت سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات اور پیش رفت سے پاکستان کو آگاہ کرے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ کے انکار پر ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میڈیا رپورٹ ہے، بھارت باقاعدہ جواب دے گا تو پاکستان بھی اپنی پوزیشن واضح کرے گا ۔جیونیوز سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے افسوسناک واقعے کو چار سال ہو گئے ہیں، لیکن بھارت نے ابھی تک تحقیقات سے پاکستان کو آگاہ نہیں کیا۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ بھارت اس واقعے کی جو بھی مکمل یا نا مکمل تحقیقات ہیں پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہونے اور رپورٹ پاکستان کے ساتھشیئر نا کرنے سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ردعمل میڈیا کے ذریعے ہم تک پہنچا ہے، جب بھارت باقاعدہ جواب دے گا تو ہم بھی اپنی پوزیشن واضح کریں گے۔