5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گلگت میں پھر برفباری شروع، درجہ حرات منفی17تک پہنچ گیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…گلگت کے پہاڑی علاقے میں ایک بار پھر برف باری شروع ہوگئی ہے ۔پنجاب میں دھند کی وجہ ٹریفک حادثوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔چمن اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے ۔گلگت کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ضلع اسکردو اور گانچھے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔نشیبی علاقوں میں منفی 10 اور بالائی علاقوں میں منفی 17 درجہ حرارت پہنچ گیاہے۔لکڑی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ آزاد کشمیر میں مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسم ابر آلود ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت بدستور برقرار ہے ۔ضلع سوات میں آج موسم ابر آلود ہے ،بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں منفی 9درہ حرات ریکارڈ کیاگیا ۔شدید سردی میں مینگورہ اور سیدو شریف میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔شمالی بلوچستان کے بالائی پہاڑی علاقوں توبہ کاکڑی، توبہ اچکزئی، کان مہترزئی، زیارت، برشور، کاریزات بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ چمن اور پشین سمیت بعض دیگر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث سردی میں کمی ہوئی ہے۔ پہلی بار بادل چھائے جانے کے بعد سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور بارش کے لئے دعائیں مانگی جا رہی ہے۔چیچہ وطنی اور گردونواح شدید دھند کی لپیٹ میں حدنظر صفر ہوگئی ہے ۔جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں 26 افراد زخمی ہوئے ۔ ملتان میں دھند کی شدت کم ہے تاہم جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید دھند ہے ۔کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی مسافر بس دھند کے باعث گھوٹکی کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی جس مین تین افراد زخمی ہوئے۔