تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

نواز شریف کے ایجنڈے پر عمل مشاورت سے کریں گے،گیلانی

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ نواز شریف کی جانب سے 10 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل خط انہیں موصول ہوگیاہے جس پر عمل درآمدکے لیے وہ جلد تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے۔اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہاکہ نواز شریف کا خط انہیں مل گیاہے تاہم اس پر عمل درآمد تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت سے کیاجائے گا۔وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ حکومتی بینچوں پر لانے کے بارے میں سوال پر کہاکہ ہم مولانا کا بہت احترام کرتے ہیں ۔وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلیوں اور گورنر پنجاب کے تقرر کے بارے میں کہاکہ یہ ان کا استحقاق ہے اور وہ جب چاہیں گے اس پر فیصلہ کریں گے۔ وزیراعظم نے واضح کیاکہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی میڈیا ایسے حساس معاملات کو نہ اچھالے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے قومی اداروں کی نجکاری کیلئے کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔ اپنے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی کے حج اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات پر وزیراعظم گیلانی نے کہاکہ سیاست میں الزامات لگتے رہتے ہیں،مسلم لیگ ن کے جو اراکین قومی اسمبلی ان کے خاندان پر الزامات لگا رہے ہیں وہ حج اسکینڈل پر انہی کی قائم کردہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی کے رکن ہیں ۔ اس کمیٹی کی رپورٹ پارلیمنٹ میں آچکی ہے جس میں ان الزامات کا کوئی ذکر نہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.