5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قدرتی آفات بڑھ رہی ہیں ،عوام سیلف انشورنس کرائیں،ڈاکٹر ندیم الحق
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر ندیم الحق کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات کے بعد لوگ امداد کے لیے حکومت کی طرف دیکھنا شروع کر دیتے ہیں،انہیں چاہیے کہ وہ سیلف انشورنس کرائیں۔اسلام آباد میں سیلاب اور خشک سالی مینجمنٹ پروگرام کے تحت ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم الحق نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب اور خشک سالی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔قدرتی آفات میں حکومت متاثرین کی مالی امداد کرتی ہیں مگر سارے نقصان کا ازالہ نہیں ہوپاتا، لہذا اگر عوام کمیونٹی بنیادوں پر سیلف انشورنس کروا لیں تو ان کے نقصان کو کافی حد تک پورا کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گرمی میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیلاب کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔