5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
جسٹس جاوید اقبال لاپتہ افراد سمیت کئی اہم کیسز کی سماعت کررہے ہیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جاویداقبال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے مختلف بنچز میں اہم نوعیت کے کئی مقدمات زیر سماعت ہیں ، جسٹس جاوید اقبال چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم ان بنچز میں بھی شامل رہتے ہیں جہاں ایسی ہی اہم نوعیت کے مقدمات پر ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ جسٹس ریٹائرڈ دیدار شاہ کے بطور چیئرمین نیب تقرر کے خلاف درخواستوں کے مقدمہ کی سماعت جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی چار رکنی بنچ میں جاری ہے ، آج بھی اس مقدمہ کی سماعت مقرر تھی ، حج انتظامات میں کرپشن اسکینڈل کیس کی سماعت کرنیوالے عدالت عظمیٰ کے سات رکنی اسپیشل بنچ میں بھی جسٹس جاوید اقبال شامل ہیں ، پورٹ قاسم اتھارٹی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ کی سماعت ، جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ کررہا ہے ، سابقہ مشرف دور حکومت سے ملک بھر کے مختلف علاقوں سے لاپتا ہونیوالے افراد کی بازیابی کے مقدمہ کی سماعت ، جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا بنچ کرتا ہے ۔گزشتہ پیر کو اسی مقدمہ کی سماعت میں جسٹس جاویداقبال نے ریمارکس دیئے تھے کہ یہ سال ، لاپتا افراد کی بازیابی کا سال ہوگا، اس بنچ نے لاپتا افراد کے کمیشن کی تجاویز کی روشنی میں حکومت کو کہا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں پر کنٹرول سے متعلق قانونی سازی پر غور کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیت کیخلاف دائر مقدمہ کی سماعت ، جسٹس جاویداقبال کی سربراہی میں قائم بنچ نے ہی کرنا ہے،اس کے علاوہ دیوانی اور فوج داری نوعیت کے متعدد مقدمات ، جسٹس جاوید اقبال کی عدالت میں زیر التوا ہیں۔