5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاکستان پٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل کرنیوالا واحد ملک نہیں ، حسین حقانی
جنگ نیوز -
واشنگٹن …امریکا میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک نہیں، جہاں عوامی رائے کے پیش نظرقیمتوں پر نظرثانی کی گئی ہو۔حسین حقانی کا کہنا تھا کہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان سبسڈیز میں کمی اور ٹیکس دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ پاکستان میں معاشی اصلاحات، آئی ایم ایف یا امریکا کے کہنے پر نہیں کی جارہیں بلکہ یہ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کچھ اہداف کے حصول میں سیلابوں کے باعث ناکام رہا، کیوں کہ سیلاب کی وجہ سے اخراجات میں بہت اضافہ ہوا۔ دو سال پہلے جب پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام میں گیا تھا، اس وقت معاشی اشاریے کہیں بدترتھے۔ حسین حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو غیرملکی امداد پر انحصار کرنے کے بجائے امرا کو ٹیکس دائرہ کار میں لانا ہوگا۔