5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
منگلاو تربیلا ڈیمزسے بجلی کی پیداوارکم ہوکر800 میگاواٹ تک رہ گئی
جنگ نیوز -
پشاور…منگلا اور تربیلا ڈیمزمیں بجلی کی پیداوار800 میگاواٹ تک کم ہو کررہ گئی ہے۔ دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس دوست محمدنے کہا ہے کہ پیپکوحکام کی ملی بھگت سے بجلی چوری ہورہی ہے۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس دوست محمد خان کی عدالت میں بجلی لوڈشیڈنگ کی ازخودنوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ پیپکو کے نمائندہ راجہ اختراقبال کی جانب سے عدالت میں تحریری جواب داخل کرایا گیا،جس میں کہا گیا کہ منگلا اور تربیلا ڈیمز میں بجلی کی پیداوارکی صلاحیت4 ہزار میگا واٹ سے8 ہزار میگاواٹ تک ہے تاہم اب صرف800 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق وفاقی حکومت کے ذمہ 3 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ پیپکو کی تحریری جواب کے مطابق کنڈا کلچر سے بھی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بڑی بڑی مچھلیوں کی ملی بھگت سے بجلی چوری ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں جانتا کہ یہاں کیا ہورہا ہے۔