تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پاکستان میں ڈرون حملوں کا اُلٹا اثر ہورہا ہے ، وزیر اعظم گیلانی،وکی لیکس

جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . . . وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے نومبر دو ہزار نو میں امریکی عہدیداروں سے ملاقات میں بھی وہی موقف اپنایا جو عوامی مقامات پرکہا ۔ وزیر اعظم نے اوباما انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ پاکستانی علاقوں میں ڈرون حملوں کا الٹا اثر ہورہا ہے ۔ بہتر ہوگا امریکا پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی دے ۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے تیرہ نومبر دو ہزار آٹھ کو واشنگٹن مراسلہ بھیجا جس میں وزیر اعظم گیلانی کی امریکی سینیٹر زOlympia SnoweاورSheldon Whitehouseاور کانگریشنل اسٹاف ممبرزسے ملاقات کی تفصیل لکھی ۔ گیارہ نومبر کو ہونیوالی ملاقات کے دوران وزیر اعظم گیلانی نے پاکستان میں جمہوری عمل کے لیے امریکی مدد کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جدوجہد پاکستان کی جنگ ہے ۔ انھوں نے یہ بھی باور کرایا کہ تمام نیٹو افواج سے زیادہ پاکستانی فوج کے جوانوں نے اس جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے امریکا سے مزید انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج خود انتہا پسندوں کو نشانہ بنائے گی ۔امریکی جاسوس طیاروں سے کیے جانے والے حملے پاکستانی عوام کی حمایت جیتنے میں رکاوٹ بن رہے ہیں ۔ وزیر اعظم گیلانی نے افغانستان سے بھی اچھے تعلقات کا ذکر کیا تاہم شکایت کی کہ بائیو میٹرک بارڈر کنٹرول سسٹم میں افغان حکومت تسلی بخش تعاون نہیں کررہی ۔این ڈبلیو پیٹرسن کے مراسلے کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی عہدیداروں سے گن شپ ، ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹرز ، رات میں دیکھنے والے آلات ، رئیل ٹائم سٹیلائٹ انفارمیشن اور بلٹ پروف گاڑیاں دینے کی بھی درخواست کی ۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم کے ساتھ وزیر دفاع احمد مختار ، وزیر داخلہ رحمان ملک اور قومی سلامتی کے مشیر محمود علی درانی بھی موجود تھے ۔

صفحات

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.