تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ریل کرائے میں25 فیصد تک اضافہ،مزید39ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ

جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ ریل کرایوں میں25 فیصد تک اضافہ جبکہ خسارے میں چلنے والی مزید انتالیس ریل گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے ، چیئرمین ریلوے کا کہنا ہے کہ کاغذوں میں تو پانچ سو ریل انجن ہیں لیکن کام صرف تقریباً ڈیڑھ سو کررہے ہیں ، ادارے سے بیس ہزار ملازمین کا اخراج زیر غور ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس اسلام آباد میں ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا ، سیکریٹری ریلوے نے بتایا کہ رواں مالی برس ریلوے کا ترقیاتی بجٹ613 ارب روپے ہے جبکہ6 ماہ میں صرف21ارب ملے ہیں، ریلوے کاغذات میں5 سو انجن ہیں جبکہ کام صرف156کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ5ارب روپے مل جائیں تو145 انجنز کی مرمت کراکے زیراستعمال لاسکتے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے بجٹ کو اتنا کم جاری کیا جاتا رہا تو یہ محکمہ ترقی نہیں کرسکے گا ، جی ایم ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت نے ریلوے کرایوں میں مجوزہ اضافے کی حتمی منظوری دے دی ہے، اس کے تحت پسنجر ٹرین کرایوں میں10 فیصد، ایکسپریس ٹرین کے کرایہ میں20 فیصد اضافہ ہوگا ، نان اسٹاپ ریل کا کرایہ25 فیصد، لگیج کا30 فیصد اور انٹرسٹی کرایہ15 فیصد بڑھے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے خسارے میں چلنے والی مزید ٹرینیں بند کرنے کیاجازت بھی دے دی ہے ، جو اسی ماہ بند کردی جائیں گی اور ان کی تعداد انتالیس ہوگی ،جی ایم ریلوے نے بتایا کہ محکمہ میں 85 ہزار ملازمین ہیں جن میں سے بیس ہزار ملازمین کو نکالنے کی تجویز زیر غور ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.