5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بنوں : تھانہ میریاں حملے میں جاں بحق8افراد سپردخاک،مقدمہ درج
جنگ نیوز -
بنوں …بنوں میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے،گذشتہ روز کے خود کش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔جانی خیل کے علاقے سردی خیل میں گشت کے دوران پولیس وین پرریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا۔دھماکے کے زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ،دوسری طرف گذشتہ شام تھانا میریان پر خود کش حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلی گئی ہے۔ حملہ میں شہید ہونیوالے10 پولیس اہلکاروں اور2 ایف سی اہل کاروں کی میتیں لکی مروت پہنچ گئی ہیں جبکہ دیگر8 افراد کی تدفین بنوں میں کردی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیربشیر بلور اور صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ بشیر بلور اور میاں افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔