5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گالف کلب مقدمہ: سابق دور حکومت کے متعلقہ وزیراوراعلیٰ حکام طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے لاہور میں ریلوے کی ایک سو اکتالیس ایکڑ اراضی کو مبینہ طور پر سستے داموں گالف کلب کو الاٹ کئے جانے کیخلاف مقدمہ میں ، سابق دور حکومت کے متعلقہ وزیراوراعلیٰ حکام کوطلب کرلیاہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے ریلوے اراضی کے مقدمہ کی سماعت کی۔ عدالت نے اس کیس سے متعلق ڈاکٹر مبشرحسن اور اسحاق خاکوانی کی درخواستیں بھی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سیکریٹری اسمبلی اوراسکینڈل پر خبردینے صحافی کو طلب کرلیاہے۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر جاویداشرف قاضی ، ریلوے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکریٹریز کو نوٹس جاری کئے ہیں جبکہ سابق اعلیٰ حکام لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سعیدالظفر، خورشید ظفر اور میجر جنرل ریٹائرڈ حامد بٹ سے بھی جواب طلب کرلیاہے۔ عدالت نے گالف کلب انتظامیہ سے بھی10دن میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت31 جنوری تک ملتوی کردی۔