5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کھاد کے کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کھاد کے کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا، جبکہ بھاشا ڈیم کے متاثرین کی آباد کاری کیلئے20 ارب روپے قرض کی گارنٹی فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی سمری مسترد کردی گئی جس میں کھاد کارخانوں کو سردیوں کے دوران30 دن کیلئے گیس فراہم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔بھاشا ڈیم پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے20 ارب روپے کے قرضے کی گارنٹی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان تخفیف غربت فنڈ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ فنڈز کے ذریعے استعمال ہونے والی رقم اور اس کے فائدوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن اس کے سربراہ ہوں جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیر اعظم کی معاون شہناز وزیر علی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو نیشنل رورل سپورٹ پروگرام پربھی بریفنگ دی گئی۔رابطہ کمیٹی نے گندم، چینی، چاول، پیاز، ٹماٹر اور دیگر کھانے پینے کی چیزوں کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس سیزن میں گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کرلیا جائیگا۔