تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

قومی ایجنڈے پرعملدرآمد سے تمام چیلنجزسے نمٹا جاسکتاہے،نوازشریف

جنگ نیوز -
رحیم یار خان…مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور قومی ایجنڈے پر عمل درآمد سے ان مسائل پر قابوپایا جاسکتا ہے۔ وہ رحیم یار خان میں دانش اسکول سسٹم کے پہلے تعلیمی ادارے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ دانش اسکول میں پڑھنے والے بچے قانون توڑیں گے نہ ججوں کو فارغ کریں گے، بلکہ اسلام آباد میں بیٹھ کرملک کی خدمت اورآئین و قانون کی پاسداری کریں گے۔ ان کا کہناتھاکہ پاکستان ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے ملک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔ معاشرتی مسائل کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور سکیورٹی کے مسائل اہم ہیں تاہم قومی ایجنڈے پر عمل درآمد سے ان مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشرتی اور سماجی انقلاب کیلئے نظام تعلیم میں تبدیلی لانا ہوگی۔ دانش اسکول میں 6 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے والدین کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔بچوں کو کھانے اور رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی فوج باصلاحیت اور باحوصلہ ہے، فوج اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری پاکستان کی امداد کرے۔اسکول کے افتتاح کے موقع پر20 سے زائد اسلامی ممالک کے سفیروں کے علاوہ آسٹریلیا، ناروے، امریکا، ارجنٹائن، سوئیڈن، برطانیہ، ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور یونیسکو کے نمائندے بھی موجود تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.